Tarjuma Quran
English Articales

فرانس ۔علامہ صاحبزادہ حسنات احمد مرتضے کے دورہ فرانس کی رپورٹ

Published on:   28-07-2011

Posted By:   محمد کامران عارف

فرانس ۔علامہ صاحبزادہ حسنات احمد مرتضے نے فرانس کا تبلیغی دورہ کیا ۔ اس دورہ میں جرمن پاکستان ویلفئیر سوسائٹی کے محمد ریاض چیمہ اور اوکسبرگ سے غلام بھٹی انکے ہمراہ تھے ۔ پیرس پہنچنے پر محمد مشتاق آف وزیر آباد اور محمد فیصل چٹھہ نے ان کا استقبال کیا ۔ کچھ دیر محمد مشتاق کی رہائش گا ہ پر ٹھہرنے کے بعد ذوالفقار چٹھہ کی ڈیرے پر پہنچے ۔ چٹھہ برادران نے گرمجوشی سے استقبال کرنے کے ساتھ ساتھ میزبانی کے فرائض انتہائی عمدہ طریقے سے نبھائے ۔اسی شام ایک نجی ریسٹورنٹ کے ہال میں محفل میلاد شریف میں شرکت کی ۔ محفل کی صدارت عیدگاہ شریف کے زیب سجادہ پیرطریقت پیر نقیب الرحمن صاحب نے فرمائی ۔ محفل میں صاحبزادہ حسان ،سید الطاف شاہ سمیت کئی نعت خوانوں نے بارگاہ رسالت میں ہدیہ عقیدت پیش کیا ۔ محفل سے علامہ صاحبزادہ حسنات احمد مرتضے نے خطاب کرتے کہاقرب خداوندی کے لئے وسیلہ تلاش کرنا ضروری ہے ۔ وسیلہ منزل تک پہنچنے میں آسانی پیدا کرتا ہے ۔ بندگان خدا کے وسیلے سے اپنے رب تک پہنچناایک مسلمان کی شان ہے ۔ انہوں نے کہا کہ محبت رسول کامیابی کی علامت ہے ۔ہمیں محبت اختیار کرکے نام محمد ﷺ کی مالا جپنی ہو گی ۔ علامہ صاحب نے اپنے خطاب کے آخر میں یارسول اللہ کے نعرے لگوائے ۔جس سے ماحول میں گرمجوشی پیدا ہوئی ۔ محفل کے اختتام پر پیر صاحب نے اپنے خطاب میں کہا کہ ہمیں اسلام کے روشن اصولوں پر عمل کرنا ہو گا ۔ اپنی شناخت ایک اچھے مسلمان کے طور پر کروانا ہو گی ۔ پیر صاحب نے اپنے خطاب میں علامہ حسنات احمد مرتضے کے خطاب کا بارہا حوالہ دیا ۔ پیر صاحب کی دعا کے ساتھ محفل اختتام پذیرہوئی ۔ علامہ صاحب نے چٹھہ برادران کی رہائش پر قیام کیا ۔ اگلے روز قرآن کے حکم سیرو فی الا رض کے مطابق پیرس کی تاریخی چیزوں کو ملاحظہ کرنے کے ساتھ ساتھ ادارہ منہاج القرآن پیرس میں علامہ حسن میر قادری سے بھی ملاقات کی ۔جب کہ اسی شام ایک فکری نشست چٹھہ ہاوس میں منعقد ہوئی ۔ جس میں ذوالفقار چٹھہ ، یاسر چٹھہ ، محمد ریاض چیمہ ،غلام بھٹی ، فیصل چٹھہ سمیت دیگر نے شرکت کی ۔ اس نشست کا آغاز سوالات وجوابات سے ہوا ۔ علامہ حسنات احمد مرتضے نے اس نشست کے آخر میں کہا کہ مسلمان ہونے کی حیثیت سے ہمیں اسلام کے بنیادی ارکان پر پابندی اختیار کرنا ہو گی ۔ یہ ارکان تو حید و رسالت ، پنجگانہ نماز ، رمضان کے روزے ، زکوۃ کی ادائیگی اور فریضہ حج کو ادا کرنا شامل ہیں فکری نشست کے اختتام کے ساتھ ہی علامہ حسنات احمد ، ریاض چیمہ ، غلام بھٹی پیر س سے جرمنی کے لئے عازم سفر ہوئے ۔