Tarjuma Quran
English Articales

جرمنی۔ رمضان کے روزے ہر مسلمان پر فرض ہیں ۔علامہ حسنات احمد مرتضے

Published on:   29-07-2011

Posted By:   محمد کامران عارف

جرمنی ۔ علامہ صاحبزادہ حسنات احمد مرتضے نے کہا ہے کہ رمضان المبارک کے روزے ہر مسلمان عاقل بالغ پر فرض ہیں ۔رمضان قرآن سے بھی تعلق مضبوط کرتا ہے ۔ رمضان میں ایک رات ہزار مہینوںسے افضل ہے ۔ روزے غریبوں اور مسکینوں سے ہمدردی پیدا کرتے ہیں۔ قرآن کریم میں روزوں کی فرضیت کا واضح طور پر بیان ہوا ہے ۔ سورہ بقرہ کی آیت نمبر183میں ارشاد باری ہے ,, اے ایمان والو ! تم پر روزے فرض کر دیئے گئے ہیں جیسے کہ فرض کئے گئے تم سے پہلے لوگوں پر ان کی فرضیت تمہیں پرہیز گار بنانے کے لئے ہے ۔،، اس آیت کے مطابق صیام کا مقصد تقوی ہے ۔اور قرآن کا تقاضا ہے کہ مسلمان اپنی زندگی پرہیز گاری کو اختیار کرتے ہوئے بسر کریں ۔سحری یعنی طلوع فجر سے افطاری یعنی غروب آفتاب تک کھانے پینے اور جنسی خواہشات سے رکنے کانام روزہ ہے ۔ روزہ رکھنے کی بے شمار برکات ہیں ۔ روزہ میں بھوک اور پیاس برداشت کرنے سے معدہ میں ایک بو پیدا ہوتی ہے ۔وہ بو اللہ تعالی کو بہت پسند ہے ۔ سحری اور افطاری کے وقت روزہ دار کی دعا قبول ہوتی ہے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جامع مسجد صوفیا میونخ میں جمعہ کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ انہوں نے کہا کہ روزہ دراصل ایک تربیتی کورس ہے مسلمان ایک ماہ سارا دن بھوک پیاس کو اختیار کرتے ہوئے ان چیزوں سے بھی رک کے رہتا ہے جو عام طور پر اس کے لئے حلال ہیں ۔ اس بات سے سبق سیکھتے ہوئے باقی گیارہ ماہ ان چیزوں سے بھی پرہیز کرنا ہو گا جو شریعت نے حرام قرار دی ہیں ۔ یاد رہے کہ جان بوجھ کر بغیر کسی شرعی عذر کے ترک صوم کبیرہ گناہ ہے ۔آج کل عام طور پر بطور فیشن روزہ نہیں رکھا جاتا ۔اوراچھے بھلے صحت مند لوگ کہتے ہیںکہ میں تو کام کرتا ہوں یا مجھے دن میںپانی ضرور پینا ہوتا ہے یا یہ کہ دن بہت لمبا ہے ۔یہ سب باتیں شرعی عذر سے عاری ہیں ۔ روزہ چھوڑنا سخت گناہ ہے ۔ اس لئے مسلمانوں کو روزہ چھوڑنے کی بجائے اس کو رکھنا چاہئے ۔