Tarjuma Quran
English Articales

رمضان ایمان پر استقامت اور احتساب کی دعوت دیتا ہے ۔ علامہ حسنات احمد مرتضے

Published on:   06-08-2011

Posted By:   محمد کامران عارف

جرمنی ۔علامہ صاحبزادہ حسنات احمد مرتضے نے کہا ہے رمضان المبارک کے روزے ایمان پر استقامت اور خود احتسابی کی دعوت دیتے ہیں ۔ روزے کو ایمان اور احتساب کے ساتھ اپنانے والے کے پہلے گناہوں کو معاف کر دیا جاتا ہے ۔ مشکوۃ میں حضرت ابو ہریرہ ؓ روایت کرتے ہیں رسول اللہ ﷺ نے فرما یا جس نے ایمان اور احتساب کے ساتھ رمضان کے روزے رکھے اسکے پہلے گناہ معاف کردیئے جاتے ہیں جس نے رمضان کی راتوں میں ایمان و احتساب کے ساتھ قیام کیا اس کے بھی پچھلے گناہ معاف کر دیئے جاتے ہیں ۔جس نے شب قدر میں قیام کیا اس کے بھی پہلے گناہ معاف کردئے جاتے ہیں ۔ اس حدیث میں رمضان کے ساتھ ایمان اور احتساب کو مربوط کیا گیا ہے ۔ ایک مسلمان کو اپنی زندگی میں ان دونوں باتوں کو اہمیت دینی چاہئے ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے جامع مسجد صوفیا میں جمعہ کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ انہوںنے کہا کہ سحری اور افطاری میں برکت ہے ۔ان کو عبادت سمجھ کر اپناتے ہوئے مناجات کا سلسلہ بھی جاری رکھنا چاہئے ۔ علامہ صاحب نے روزے کے مسائل بیان کرتے ہوئے کہا کہ روزے کی حالت میں مسواک کرنا ، تیل لگا نا ، سرمہ لگانا بال کٹوانا جائز کام ہیں ۔ جب کہ جھوٹ بولنا ،غیبت کرنا ،گالی دینا ، بیہودہ بات کرنا ، کسی کو تکلیف دینا ، بلا عذر چکھنا ، کلی ،ناک میں پانی ڈالنے میں مبالغہ کرنا ، تھوک جمع کرکے نگل جانا مکروہات روزہ ہیں ۔روزے کی حالت میں جان بوجھ کر بغیر کسی عذر کے کھانے پینے جماع کرنے سے روزہ توڑنے کی صورت میں کفارہ دینا لازم آتا ہے ۔جب کہ مسافر مقیم ہوجائے یا حیض و نفاس والی پاک ہوجائے یا مجنون کو ہوش آجائے یا مریض صحت یاب ہو جائے یا روزہ غلطی سے ٹوٹنے کی صورت میںباقی تمام دن روزے کی طرح گذارنا واجب ہے ۔روزے دار کو روزے کے مسائل سے آگاہی حاصل کرنی چاہئے تاکہ ان مسائل کو مد نظر رکھتے ہوئے تقوی اختیار کیا جاسکے ۔