Tarjuma Quran
English Articales

جرمنی ۔ جامع مسجد صوفیا میں سالانہ خاتون جنت کانفرنس سے علامہ حسنات احمد مرتضے کا خطاب

Published on:   26-07-2012

Posted By:   محمد کامران عارف

علامہ صاحبزادہ حسنات احمد مرتضے نے جامع مسجد صوفیا میںسالانہ خاتون جنت کانفرنس سے خطاب کرتے ہو ئے کہا ہے کہ خاتون جنت حضرت سیدہ فاطمۃ الزہرا ؓ ہمارے پیارے نبی حضرت محمد ﷺ کی پیاری بیٹی ہیں ۔حضرت مو لا علی کی زوجہ ، حسنین کریمین کی والدہ،اور تمام جنتی عورتوں کی سردار ہیں ۔آپ کی ولادت کے حوالے سے بعثت سے پہلے اور بعد کی روایات ملتی ہیں ۔آپ کا اسم گرامی آپکی والدہ و والد معظم کے باہمی مشورہ سے فاطمہ رکھا گیا ۔ فاطمہ کا معنی آزاد کر لینا ، دور کردینا ، چھڑا دینا ہو تا ہے ۔ فاطمہ ایک مقدس اور تاریخی نسبتوں کا حامل نام ہے ۔ حضرت خدیجہ کی والدہ کا نام بھی فاطمہ تھا ۔ اور مصطفے کریم ﷺکے ددھیال اورننھال میں بھی تیرہ تیرہ فاطمہ نام کی خواتین تھیں ۔ اسی مناسبت سے آپ نے فرمایا ۔ انا ابن الفواطم والعاتک ۔حضرت فاطمہ بچپن سے ہی خشیت الہی اور عشق رسول ﷺ کے جذبوں سے سرشار تھیں ۔ آپ سیرت و صورت میں اپنے والد گرامی کی تصویر تھیں ۔ آپ رسول کریم ﷺ پسند و ناپسند کا ہمہ دم خیال رکھتیں ۔ یہی وجہ ہے کہ حضرت عائشہ ؓسے کسی نے پو چھا ؟ رسول کریم ﷺ کو خاندان میں سے زیادہ پیار کس سے ہے ؟ آپ نے فرمایا فاطمہ ؓ پو چھا گیا مردوں میں سے ؟ آپ نے فرمایا فاطمہ کے شوہر سے ۔ مصطفے کریم ﷺ نے کہیں سفر یا غزوات پر جا نا ہو تا تو آخری کام بیت فاطمہ میں جانا ہو تا ۔ اور سفر سے واپسی پر بھی مسجد میں نفل ادا کرنے کے بعد پہلے بیت فاطمہ میں ہی تشریف لاتے ۔آپ کا نکاح ساڑھے پندرہ سال کی عمر میں حضرت علی المرتضے سے انتہائی سادگی سے ہوا ۔ آپ کو آپکے والد گرامی نے مختصر جہیز کے ساتھ شوہر کے گھر چھوڑا ۔ ہمارے پیارے نبی حضرت محمد ﷺ نے فرمایا ,,فاطمہ میرے جگر کا ٹکڑا ہیں ۔جس نے ان کو ناراض کیا اس نے مجھے نا راض کیا ۔،،قربا ن جائیں ! خاتون جنت کا کیا بلند مقام ہے کہ ہمارے آقا ﷺنے ان سے ناراض ہونے والے سے اپنے ناراض ہو نے کا اعلان کیا ۔ اس سے یہ بات بھی سمجھی جا سکتی ہے کہ خاتون جنت سے جو محبت اور عقیدت رکھے گا، اس کو ہمارے پیارے آقا ﷺ بھی شفقت سے نوازیں گے ۔حضرت سیدہ فاطمۃ الزہراؓ وہ عظیم ہستی ہیں کہ جب آپ تشریف لاتیں تو ہمارے پیارے نبی ﷺ آپ کے لئے کھڑے ہو جاتے اور پیارے و شفقت سے نوازتے ۔حضرت سیدہ فاطمہ ؓوہ عظیم ہستی ہیں جو تما م مسلمان عورتوں کے لئے راہنما ، مینارہ نو راور مشعل راہ ہیں ۔حضرت سیدہ فاطمہ ؓوہ عظیم ہستی ہیںجوشرم و حیا کی عظیم پیکر ہیں ۔ آپ کی حیا اور شرم کا یہ عالم ہے کہ قیامت والے دن جب آپ نے پل صراط سے گزرنا ہو گا تو اعلان ہو گا ۔۔۔۔اے محشر والو ۔۔۔۔۔۔۔۔اپنی نظریں جھکا لو حضرت محمد ﷺ کی بیٹی حضرت سیدہ فاطمۃ الزہرا پل صراط سے گزر رہی ہیں ۔ خاتون جنت نے تقوی ، پرہیز گاری کی زندگی گزاری ، قرآن کریم سے و فا میں زندگی بسر کی ۔ عشق رسول میں دن رات گزارے ۔اپنے خاوند کی اطاعت میں ماہ و سال گزارے ۔ اور اپنے بچوںکی دینی تربیت میں حیات بسر کی ۔ آپ نے حیا اور پردہ کو اختیار کیا اور مسلمان خواتین کو بھی حیااور پردہ والی صاف ستھری زندگی گزارنے کا درس دیا ۔ آج ہماری مائوں ،بہنوں کو خاتون جنت کی حیات نو رسے سبق لیتے ہوئے قرآن کریم سیکھ کر ، عشق رسول ﷺ کواپنا کر با پردہ زندگی گزارنی ہوگی ۔