Tarjuma Quran
English Articales

جرمنی ۔ 29جون کو پہلا روزہ ہوگا ۔ اہل اسلام کو رمضان شریف مبارک ہو ۔ علامہ حسنات احمدمرتضے

Published on:   27-06-2014

Posted By:   Kamran Arif

میونخ ۔ علامہ حسنات احمدمرتضے نے کہا ہے کہ جامع مسجد صوفیا اور جرمن پاکستان ویلفیئر سوسائٹی میونخ جانب س اہل اسلام کو رمضان شریف مبارک ہو ۔ 29جون2014 بروزاتوار پہلا روزہ ہوگا ۔جامع مسجد صوفیا میں حسب معمول روزانہ افطاری کا اہتمام ہو گا ۔ نماز تراویح بھی ادا کی جائے گی ۔ اسلام ،قرآن ، اور رمضان المبارک کی تعلیمات کے حوالے سے درس بھی ہو گا ۔ علامہ صاحبزادہ حسنات احمدمرتضے نے جامع مسجد صوفیا میں خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ رمضان المبارک کے روزے ہر مسلمان عاقل بالغ پر فرض ہیں ۔رمضان قرآن سے بھی تعلق مضبوط کرتا ہے ۔رمضان میں ایک رات ہزار مہینوں سے افضل ہے ۔ روزے غریبوں اور مسکینوں سے ہمدردی پیدا کرتے ہیں ۔قرآن کریم میں روزوں کی فرضیت کاواضح طور پر بیان ہوا ہے ۔ سورہ بقرہ کی آیت نمبر183میں ارشاد باری ہے ۔ ,,اے ایمان والو ! تم پر روزے فرض کر دیئے گئے ہیں جیسے کہ فرض کئے گئے تم سے پہلے لوگوں پر ان کی فرضیت تمہیں پرہیز گار بنانے کے لئے ہے ۔،، اس آیت کے مطابق صیام کا مقصد تقوی ہے اور قرآن کا تقاضا ہے کہ مسلمان اپنی زندگی پرہیز گاری کو اختیار کرتے ہوئے بسر کریں ۔ سحری یعنی طلوع فجر سے افطاری یعنی غروب آفتاب تک کھانے پینے اور جنسی خواہشات سے رکنے کا نام روزہ ہے ۔روزہ رکھنے کی بے شمار برکات ہیں ۔ روزہ میں بھوک اور پیاس برداشت کرنے سے معدہ میں ایک بو پیدا ہوتی ہے ۔وہ اللہ تعالی کو بہت پسند ہے ۔سحری اور افطاری کے وقت روزہ دار کی دعا قبول ہوتی ہے ۔انہوں نے کہا کہ روزہ دراصل ایک تربیتی کورس ہے مسلمان ایک ماہ سارا دن بھوک پیاس کو اختیار کرتے ہوئے ان چیزوں سے بھی رک کے رہتا ہے جو عام طور پر اس کے لئے حلال ہیں ۔اس بات سے سبق سیکھتے ہوئے باقی گیارہ ماہ ان چیزوں سے بھی پرہیز کرنا ہوگا جو شریعت نے حرام قرار دی ہیں ۔یادرہے کہ جان بوجھ کر بغیر کسی شرعی عذر کے ترک صوم کبیرہ گناہ ہے ۔آج کل عام طور پر بطور فیشن روزہ نہیں رکھا جاتا ۔اور اچھے بھلے صحت مند لوگ کہتے ہیں کہ میں تو کام کرتا ہوں یا مجھے دن میں پانی ضرور پینا ہوتا ہے یایہ کہ دن بہت لمباہے ۔یہ سب باتیںشرعی عذرسے عاری ہیں ۔روزہ چھوڑنا سخت گناہ ہے ۔اس لئے مسلمانوں کو روزہ چھوڑنے کی بجائے اس کو رکھنا چاہئے ۔