Tarjuma Quran
English Articales

مفتی محمد زبیرؒ کے چوتھے سالانہ ختم کے موقع پر معراج النبی کا نفرنس کی رپورٹ

Published on:   06-06-2010

Posted By:   محمد کامران عارف

لاہور ۔یوم وصال کی تقریب عرس ،برسی یا سالانہ ختم کے عنوان سے منعقد کی جاتی ہے ۔ خصوصا مقربین اور بزرگوں کے سالانہ یوم وصال کے موقع پر عرس کے عنوان سے ہی تقاریب کا اہتمام کیا جاتا ہے ۔لیکن مفتی صاحب کے چوتھے سالانہ ختم (عرس) کےموقع پر معراج النبی کا نفرنس کا اہتمام کیا گیا ۔ مفتی محمد زبیرؒ کا یوم وصال رجب میں ہے ۔ امسال یہ تقریب 5 جون2010 کو منعقد ہوئی ۔تقریب کاآغا زقرآن خوانی سے ہوا ۔ سہ پہر تین بجے مفتی صاحب کے مزار پر ادارہ کے طلبا اوراہل عقیدت نے صاحبزادہ برکات احمد ابرا،صاحبزادہ ذیشان احمد حسان کی معیت میں قرآن مجید کی تلاوت سے قلوب واذہان کو فیضیاب کیا ۔قرآن مجید کی تلاوت کا سلسلہ نماز عصر تک جاری رہا ۔ نماز عصر کی امامت صاحبزادہ حافظ برکات احمد ابرار نے کروانے کے بعد ختم خواجگان کی سعادت حاصل کی ۔سلسلہ نقشبندیہ میں شیر ربانی کے وابستگان کے ہاں ختم خواجگان باقاعدگی سے پڑھاجاتاہے ۔ مفتی صاحب کی بیعت حضرت مولانا محمد عمر صاحب سجادہ نشین آستانہ عالیہ بیربل شریف سے تھی ۔ اور بیربل شریف کی نسبت شرقپور شریف سے ہے ۔ ختم خواجگان کے بعد جامع مسجد ادارہ کے خطیب صاحبزادہ حافظ نعمان احمد نے مائیک سنبھال کر نقابت کے جو ہر دکھائے ۔ قاری محمد طارق ،قاری نعمان احمد صدیقی ، حافظمحمد فیاض ،محمد مشتاق اکرمی ،حافظ سید غلام مصطفے ،ذیشان احمد اور دیگر نے تلاوت ونعت کی سعادت حاصل کی ۔ نماز مغرب کے بعد قصیدہ بردہ شریف پڑھاگیا ۔اسی دوران سجادہ نشین آستانہ عالیہ بیربل شریف جناب حضرت صاحبزادہ خالد سیف اللہ نقشبندی صاحب تشریف فرما ہوئے ۔ پروگرام اپنے پورے عروج پرتھا ۔مسجد کا ہال ،صحن ، احاطہ ءمزار اہل محبت سے کچھا کچھ بھرا ہوا تھا ۔اہل عقیدت بھر پور شریک تھے ۔ سیکورٹی کے پیش نظر ادارہ کی جانب سے گیٹ بند تھا ۔مسجد کی جانب سے بھی بڑا گیٹ بند کرکے چھوٹے دروازے سے زائرین آ رہے تھے ۔سیکورٹی کے پیش نظر آنے والوں کی چیکنگ کی جاتی ۔ رضا کا ر گیٹ پر ڈیوٹی دے رہے تھے ۔ اسٹیج پر جے یو پی کے راہنما میاں غلام شبیر قادری ، جماعت اہلسنت لاہور کے ناظم اعلی مولانا سلیم ہمدمی ، معروف صحافی ڈاکٹر منظور حسین اختر ، مولانارب نواز قادری ،مو لانا نصراللہ ناصر نقشبندی ، مولانا اشرف گورایا ،علامہ صاحبزادہ محمد یوسف صدیقی ،قاری محمد رفیق اویسی ،اور دیگر علمائے کرام جلوہ فرما تھے۔نقیب کانفرنس نے خصوصی خطاب کے لئے اعلان کیا۔خطیب اعظم جرمنی علامہ صاحبزادہ حسنات احمد مرتضے مائیک پر آئے شرکا نے نعرہائے تکبیر ورسالت سے استقبال کیا ۔ اہل محبت ہمہ تن گوش ہوئے ۔صاحبزادہ صاحب نے کہا کہ جان کائنات صلی اللہ علیہ وسلم نے معراج پر تشریف لے جاکر کائنات کو مسخر کیا ۔ آج ہمیں معراج کا پیغام سمجھنا ہو گا ۔ آیت معراج میں دو مساجد کا ذکر ہوا ہے ۔ ایک مسجد حرام اور دوسری مسجد اقصٰی ،انہوں نے کہا کہ معراج کا ایک پیغام یہ بھی ہے کہ ہمارا تعلق مساجد کے ساتھ مضبوط ہو ، اس لئے کہ مساجد کے ساتھ تعلق مضبوط ہونے والے کی حاجات اللہ تعالی پوری فرما تا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ آج مفتی صاحب کے عرس کے موقع پر ہم فخر سے کہتے ہیں کہ آپ نے ساری زندگی مساجد کی خدمات میں بسر کی ۔ انہوں اپنی زندگی میں درجنوں مساجد کی تعمیر کرائی ۔ علامہ حسنات نے کہا کہ مفتی صاحب نے ساری زندگی قرآن و سنت کی خدمت میں بسر کی ۔ کانفرنس کے اختتام پر حضرت صاحبزادہ خالد سیف اللہ نقشبندی مجددی صاحب نے دعا کرائی اور پھر تمام شرکا کو لنگر پیش کیا گیا ۔