Tarjuma Quran
English Articales

حج مالی وبدنی عبادت کا خوبصورت مجموعہ ہے ۔ہر صاحب استطاعت مسلمان پر فرض ہے ۔صاحبزادہ حسنات احمد مرتضے

Published on:   12-11-2010

Posted By:   محمد کامران عارف

جرمنی ۔علامہ صاحبزادہ حسنات احمد مرتضے نے کہا ہے کہ حج مالی و بدنی عبادت کا خوبصورت مجموعہ ہے ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے جامع مسجد صوفیا میونخ میں جمعہ کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔علامہ صاحب نے کہا کہ ہر صاحب استطاعت مسلمان پر حج کی ادائیگی فرض ہے ۔حج کی فرضیت کو قرآن کی سورہ ال عمران کی آیت 97میں واضح طور پر بیان کیا گیا ہے ۔حج زندگی میں ایک بار ہی فرض ہے ۔مسلم شریف میں ہے رسول اللہ ﷺ نے خطبہ دیتے ہوئے فرمایا ٬٬اے لو گو تم پر حج فرض ہو گیا ۔پس حج کیا کرو ۔ایک شخص نے عرض کیا یارسول اللہ !کیا ہر سال حج فرض ہے ؟آپ خاموش رہے حتی کہ اس نے تین بار یہی عرض کیا پھر رسول اللہ ﷺ نے فرمایا اگر میں ہاں کہہ دیتا تو حج ہر سال فرض ہو جاتا اور تم اس کی ادائیگی کی طاقت نہ رکھتے ۔جن چیزوں کا بیان میں چھوڑ دیا کروں تم ان کا سوال مت کیا کرو،کیونکہ تم سے پہلے لوگ اسی لئے ہلاک ہوئے تھے کہ بکثرت سوال کیا کرتے تھے اور انبیا ءسے اختلاف کرتے تھے ،لہذاجب میں تم کو کسی چیز کا حکم دوں تو اس پر بقدر استطاعت کیا کرو اور جب میں کسی چیزسے روک دوں تو اس کو چھوڑ کرو ۔صاحبزادہ صاحب نے کہا کہ حج میں فسق و فجور سے بچنا بھی ضروری ہے رسول کریم ﷺ نے حج کرنے والے کو پیدا ہونے والے بچے کی طرح گناہوں سے پاک قرار دیا ۔ من حج للہ فلم یرفث ولم یفسق رجع کیوم ولدتہ امہ جو اللہ کے لئے حج کرے ،فحش کلامی اور فسق نہ کرے ،تو وہ ایسا لوٹے گا جیسے ماں نے اسے آج جنا ۔