Tarjuma Quran
English Articales

اسلام نے خواتین کو بے مثا ل مرتبہ و مقام عطا فرمایا ۔ صاحبزادہ حسنات احمد مرتضے

Published on:   29-01-2011

Posted By:   محمد کامران عارف

میونخ َ۔ علامہ صاحبزادہ حسنات احمد مرتضے نے جامع مسجد صوفیا میونخ میں جمعہ کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ اسلام نے خواتین کوجو حقوق اور مقام دیا ہے کسی معاشرے میں اس کا تصور بھی نہیں کیا جاسکتا ۔ قرآن کریم نے ایک سورت کو النسا ءاور دوسری کو مریم کے نام سے منسوب کرکے خواتین کی اہمیت کو اجاگر کیا ہے ۔ دور جاہلیت میں لڑکی کے پیدا ہونے کو مکروہ جانا جاتا ۔ جس کے گھر لڑکی پیدا ہوتی وہ اپنا منہ چھپائے پھرتا ۔ مزید یہ کہ لڑکیوں کو پیدا ہوتے ہی زندہ درگور کر دیا جاتا ۔ رسول کریم ﷺ نے لڑکیوں کی تربیت و پرورش کرنے پر اجر عظیم کی بشارت سنائی ۔دور جاہلیت میں عورت کو مال کی طرح ہی سمجھا جاتا ۔ وراثت سے بھی محروم رکھا جاتا ۔ ایک ایک مرد کئی کئی عورتوں سے شادی رچا لیتا ۔ عورتوں کی کثرت کو فخر جانا جاتا ۔ عورتوں کو بدکاری پر مجبور کیا جاتا ۔ کسی کا خاوند فوت ہو جاتا تو بھی عورت کو مجبوریوں کی زنجیروں میں جکڑ لیا جاتا ۔اسلام نے عورت کے تقدس کا حکم نافذ کیا ۔ وراثت کا حق دار ٹھہرایا ۔ شادیوں میں بھی حدود کا تعین کیا ۔ عورتوں کے ساتھ بدکاری کرنے کوممنوع قرار دیا ۔انہیں نگا ہیں نیچی رکھنے کا کہا شرمگاہوں کی حفاطت کا پابند بنایا ۔ زیب وزینت کے اظہار کو محدود کیا ۔گویا عورت ماں ، بہن ، بیوی ، بیٹی کسی بھی روپ میں ہو اسلام نے اس کے حقوق کا تعین فرمایا ۔اور خواتین سے نیک اور اچھا سلوک کرنے کی ترغیب دی ۔ نبی ﷺ نے فرمایا ٬٬جو اللہ اور یوم آخرت پر ایمان رکھتا ہے وہ اپنے ہمسائے کو تکلیف نہ دے اور عورتوں کے ساتھ نیکی کرنے کے بارے میری وصیت قبول کر لو کیونکہ وہ پسلی سے پیدا کی گئیں ہیں ۔اور سب سے اوپر والی پسلی زیادہ ٹیڑھی ہوتی ہے اگر تم اس کو سیدھا کرنے لگو تو توڑ ڈالو گے ۔ اور اسکے حال پر چھوڑے رہو گے تب بھی ہمیشہ ٹیڑھی رہے گی پس عورتوں کے ساتھ بھلائی کرنے کے بارے میںوصیت قبول کر لو ۔ ،،